لاہور ہائیکورٹ نے سابق بینک ملازم کے پروویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی اور دیگر واجبات سے قرض کی رقم منہا کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نجی بینک کے حق میں قرض کی وصولی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ کسی ملازم کے واجبات بینک کے پاس موجود ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ بینک قرض کی ادائیگی لازماً انہی رقوم سے کرے۔
ملازمتی واجبات کی ادائیگی اور قرض کی وصولی الگ الگ قانونی معاملات ہیں۔
جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس محمد عثمان غنی راشد چیمہ پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے گل حسن خان اور دیگر کی نجی بینک کے خلاف اپیل پر دس صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جسے جسٹس محمد عثمان غنی راشد چیمہ نے تحریر کیا۔
اپیل کنندگان کا مؤقف تھا کہ سابق ملازم کے تقریباً 15 لاکھ روپے پروویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی اور دیگر ملازمتی واجبات کی صورت میں بینک کے پاس موجود ہیں، لہٰذا قرض کی بقایا رقم ان واجبات سے منہا کرکے باقی رقم ادا کی جائے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ بعض قانونی شرائط پوری ہونے پر بینک ایک اکاؤنٹ میں موجود رقم کو دوسرے اکاؤنٹ کے قرض کے مقابل ایڈجسٹ کرسکتا ہے، تاہم یہ بینک کا اختیار ہے، کوئی لازمی قانونی تقاضا نہیں۔ صارف عدالت سے بھی بینک کو اس اختیار کے استعمال پر مجبور کرنے کا حکم نہیں لے سکتا۔
تحریری فیصلے کے مطابق پروویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی اور دیگر ملازمتی واجبات بینک کے پاس آجر کی حیثیت سے ہوتے ہیں، نہ کہ بینکار کی حیثیت سے۔ ان واجبات کی عدم ادائیگی یا تاخیر سے متعلق شکایت کے لیے متعلقہ مجاز فورم سے رجوع کیا جاسکتا ہے، جبکہ بینکنگ کورٹ قرض کی وصولی کے معاملات کی سماعت کرتی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر کوئی ملازم اسی بینک سے قرض لیتا ہے جہاں وہ ملازمت کرتا ہے تو وہ بینک کو اپنے ملازمتی واجبات سے قرض کی رقم کاٹنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔
لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ بینکنگ کورٹ کی جانب سے نجی بینک کے حق میں 10 لاکھ 17 ہزار 705 روپے کی ڈگری جاری کرنے میں کوئی قانونی غلطی نہیں ہوئی۔ عدالت نے سابق ملازم اور دیگر اپیل کنندگان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے قرض کی وصولی کا فیصلہ برقرار رکھا۔
[…] ہوگئے، جبکہ سری لنکن ون ڈے اسکواڈ کے کھلاڑی بھی آج لاہور سے کولمبو روانہ ہوں […]