Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ٹرمپ کی اسرائیلی ووٹروں سے نیتن یاہو کو ووٹ دینے کی اپیل، مشترکہ اہداف مکمل کرنے کا عزم

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات سے قبل ایک بار پھر وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نیتن یاہو کو ووٹ دیں تاکہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات کو مکمل کیا جا سکے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں گزشتہ ہفتے نیتن یاہو کی حمایت میں دیے گئے اپنے بیان کو دوبارہ شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کے درمیان بہترین تعلقات رہے ہیں اور دونوں نے مختلف فوجی کارروائیوں میں مشترکہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

امریکی صدر نے وینزویلا کے خلاف امریکی آپریشن کو تاریخ کی کامیاب ترین فوجی کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس سے قبل امریکا اور اسرائیل نے آپریشن مڈنائٹ ہیمر کے ذریعے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا تھا۔

ٹرمپ نے آپریشن ایپک فیوری کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے بعد ایران کی بحری اور فضائی طاقت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ ایرانی فوج اور معیشت بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران میں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے، بحری محاصرے کے باعث تیل تک رسائی متاثر ہوئی ہے اور ایرانی فوجی و سول قیادت کی دو سطحیں ختم ہو چکی ہیں۔

اپنے پیغام میں ٹرمپ نے نیتن یاہو کو جنگی حالات سے نمٹنے کے لیے موزوں اور غیر معمولی وزیرِ اعظم قرار دیا۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور اس کے اتحادی امریکا کو بڑا شیطان اور اسرائیل کو چھوٹا شیطان قرار دیتے تھے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اب امریکا اور اسرائیل کے خلاف اس نوعیت کے نعرے سنائی نہیں دیتے اور مستقبل میں بھی ایسا نہیں ہوگا۔

پیغام کے اختتام پر ٹرمپ نے اسرائیلی ووٹروں پر زور دیا کہ وہ نیتن یاہو کو وزیرِ اعظم منتخب کریں۔ ان کے بقول، دونوں رہنماؤں نے جو کام مل کر شروع کیا ہے، اسے مکمل کرنے کے لیے نیتن یاہو کی قیادت ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب ٹرمپ نے عوامی سطح پر نیتن یاہو کی حمایت کی ہے۔ ان کا تازہ بیان اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل سامنے آیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] اور عام شہریوں کے بہتر مستقبل کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے الزامات اور مخالفین کی جانب سے بھاری سرمایہ خرچ کیے […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More