Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ایران کا امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ، نئی فوجی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

 تہران:   ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دوبارہ فوجی تصادم کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کے کسی بھی ملک میں جنگ شروع ہونے کی صورت میں امن کا قیام ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی سلامتی اور دفاع کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی نئی جارحیت کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا ایسا جواب دیا جائے گا جس کا مخالفین تصور بھی نہیں کر سکتے۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران ایک آزاد اور طاقتور علاقائی قوت بن چکا ہے اور ملک کے مستقبل کا فیصلہ کوئی غیرملکی طاقت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنا طرزِ عمل تبدیل کرے، دھمکیوں کا سلسلہ بند کرے اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔

ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کو امریکا پر اعتماد نہیں، اس لیے ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا ضروری ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے کبھی مذاکرات کا راستہ ترک نہیں کیا اور نہ ہی سفارت کاری کے دروازے بند کیے ہیں۔ ان کے مطابق ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، تاہم امریکا ایران سے مکمل سرنڈر کا مطالبہ کر رہا ہے، جسے کوئی ایرانی قبول نہیں کرے گا۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ مذاکرات کے عمل کے دوران ایک سال سے بھی کم عرصے میں ایران پر دو حملوں نے تہران کے نزدیک واشنگٹن کے سفارتی رویے پر سوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان حالات کے باوجود ایران تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرنے پر آمادہ ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

ایرانی قیادت کے ان بیانات کو ایسے وقت میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جب تہران امریکا کے ساتھ مذاکرات اور اپنی دفاعی تیاریوں، دونوں پر زور دے رہا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More