ریاض: سعودی عرب اور یونان نے بین الاقوامی بحری راستوں کی سکیورٹی یقینی بنانے، توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکس کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی و عالمی امور سمیت بحری راستوں کے تحفظ اور توانائی کی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو محفوظ بنانے اور عالمی منڈیوں کو توانائی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور عالمی منڈیوں پر ان کے ممکنہ اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مشترکہ بیان کے مطابق یونان نے عالمی تیل منڈی میں استحکام برقرار رکھنے اور متبادل برآمدی راستوں کے ذریعے تیل کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔ اس ضمن میں سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے کردار کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے دفاع، سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، سائبر سکیورٹی اور معلومات کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، سیاحت اور ماحولیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کو سعودی عرب اور یونان کے درمیان تزویراتی شراکت داری، توانائی کے تحفظ اور اقتصادی و تکنیکی تعاون کو وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا۔
[…] کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل ریاض کی طرف آنے والے 2 […]