ایران میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے حکام کا اہم اجلاس، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تجویز دی تھی: اسماعیل بقائی
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے سینئر حکام کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں فلسطین، لبنان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق چار ملکی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی تھی، جس پر ایران نے اتفاق کیا۔ اجلاس میں خطے کو درپیش اہم مسائل اور علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد قائم کرنا ضروری ہے۔ اجلاس میں فلسطین اور لبنان کی صورتحال سمیت اسرائیل کی پالیسیوں اور خطے میں اس کے توسیع پسندانہ عزائم پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی بھی وقت ممکنہ جارحیت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم ملک کی سلامتی کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں ہونے والے انتخابات کے نتائج سے خطے کی موجودہ صورتحال میں کسی بنیادی تبدیلی کی توقع نہیں، جبکہ لبنان سے متعلق اسرائیلی پالیسیوں پر بھی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق قطری وفد بھی ایران پہنچا ہے۔ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان مصالحتی کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس کو خطے کے اہم ممالک کے درمیان مشاورت، اعتماد سازی اور جاری تنازعات کے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
[…] نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب […]