لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے لنکاشائر کاؤنٹی سے علیحدگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے کرکٹ کیریئر کا اختتام اس انداز میں نہیں کرنا چاہتے تھے۔
44 سالہ جیمز اینڈرسن نے 2026 کے سیزن میں لنکاشائر کی کپتانی کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 17 کی اوسط سے 50 وکٹیں حاصل کیں، تاہم کاؤنٹی نے انہیں 2027 کے سیزن کے لیے نیا معاہدہ نہ دینے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد کلب کے ساتھ ان کا 25 سالہ تعلق ختم ہوگیا۔
اینڈرسن نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بچپن سے لنکاشائر کو سپورٹ کرنا اور پھر 25 سال تک کلب کی نمائندگی کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھی۔ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلنا اور ٹیم کی قیادت کرنا ان کے کیریئر کی یادگار کامیابیوں میں شامل ہے۔
انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے اینڈرسن نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران 188 ٹیسٹ میچز میں 704 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا ٹیسٹ کیریئر 2024 میں اختتام پذیر ہوا تھا۔
جیمز اینڈرسن نے 2001 میں لنکاشائر کی جانب سے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے 112 فرسٹ کلاس میچوں میں 443 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔
لنکاشائر کی جانب سے نیا معاہدہ نہ ملنے کے بعد اینڈرسن کے مستقبل سے متعلق سوالات پیدا ہوگئے ہیں، تاہم انہوں نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کسی دوسری کاؤنٹی کی نمائندگی جاری رکھیں گے یا مکمل طور پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔