لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ریسلر اطہر زاہد سے 50 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کے معاملے میں عدالت نے ایک لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن کی مبینہ جعلی رسید جمع کرانے پر ملزم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، جبکہ تھانہ شالیمار کے ایس ایچ او کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج محمد علی وڑائچ نے قومی ریسلر اطہر زاہد کی جانب سے اندراج مقدمہ کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اطہر زاہد نے پیر عاصم علی شاہ کو سرمایہ کاری کے لیے 50 لاکھ روپے دیے تھے۔ ملزم کچھ عرصے تک منافع کی رقم ادا کرتا رہا، تاہم اصل رقم واپس طلب کرنے پر مبینہ طور پر اطہر زاہد کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی ملی بھگت سے گرفتار کروا دیا گیا۔
سماعت کے دوران وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ قومی ریسلر اطہر زاہد نے بین الاقوامی میگا ریسلنگ چیمپئن شپ میں دو مرتبہ بھارتی حریفوں کو شکست دی اور ملک کا نام روشن کیا۔
وکیل نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے عدالت میں ایک لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن سے متعلق جعلی رسید جمع کرائی ہے۔ اس پر عدالت نے ملزم کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تھانہ شالیمار کے ایس ایچ او کو بھی طلب کر لیا اور کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔