بلوچستان اسمبلی: سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق مولانا ہدایت الرحمن کی قرارداد نمٹا دی گئی، اپوزیشن میں تلخ جملوں کا تبادلہ
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں سرداری نظام کے خاتمے اور ’’سردار‘‘ و ’’نواب‘‘ جیسے الفاظ بولنے اور لکھنے پر پابندی سے متعلق مولانا ہدایت الرحمن کی قرارداد ایوان میں پیش نہ ہو سکی، اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے قرارداد نمٹا دی، جس کے بعد اپوزیشن ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اجلاس کے دوران اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ سرداری نظام 1976 کے ایکٹ کے تحت پہلے ہی ختم کیا جا چکا ہے۔
اس موقع پر یونس عزیز زہری نے مؤقف اختیار کیا کہ جب قرارداد نمٹا دی گئی ہے تو اس معاملے پر دوبارہ بات کرنا مناسب نہیں۔ اس پر مولانا ہدایت الرحمن اور قائد حزب اختلاف کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث ایوان میں شور شرابا پیدا ہوگیا۔
واضح رہے کہ مولانا ہدایت الرحمن کی قرارداد میں سرداری نظام کے خاتمے اور ’’سردار‘‘ اور ’’نواب‘‘ جیسے القابات کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم قرارداد ایوان میں پیش نہ ہو سکی۔