Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

قومی اسمبلی میں یومِ سیاہ کشمیر پر یکجہتی کی قرارداد منظور، کراچی میں لوڈشیڈنگ کا معاملہ بھی زیرِ بحث

 اسلام آباد: قومی اسمبلی نے 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کی قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد وفاقی وزیر امورِ کشمیر امیر مقام اور چیئرمین کشمیر کمیٹی قاسم نون نے پیش کی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور قانون سازی سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔

اجلاس کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سید امین الحق نے کراچی میں جاری لوڈشیڈنگ کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو عوامی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے اور کمپنی پر اوور بلنگ کے ذریعے بھاری آمدنی حاصل کرنے کے الزامات ہیں۔ ان کا سوال تھا کہ اتنی آمدنی کے باوجود کراچی میں بجلی کی پیداوار اور فراہمی بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ جاری رہتی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری عامر طلال خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات مرمت کے کام کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیپرا کے قواعد کے مطابق رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، اگر ایسی شکایات موجود ہیں تو ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی فیڈرز پر کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ ڈپٹی اسپیکر نے معاملہ توانائی کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تقریباً 80 برس سے کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے اور ہزاروں افراد جانیں گنوا چکے ہیں۔

 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 7 ہزار کشمیری دورانِ حراست شہید کیے گئے۔ ان کے مطابق کشمیری عوام اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں اور اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔

امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منعقدہ تقریب میں سول سوسائٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے انسدادِ زنا بالجبر، تفتیش اور سماعتِ مقدمہ بل 2024 منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا۔ وزیرِ قانون نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نیشنل پولیس بیورو میں اس حوالے سے نظام پہلے سے موجود ہے اور زنا بالجبر کے مقدمات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس کا نظام بھی کام کر رہا ہے۔

بعد ازاں بل کو مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More