اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ذرائع ابلاغ کے تعاون کو فروغ دینا، معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانا اور غلط خبروں و گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت دینا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انفارمیشن کوریڈور پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ بنے گا۔ اس منصوبے کے ذریعے میڈیا تعاون اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت، روایات اور اقدار کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہو کر ابھری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارہ دوستی کی ایک منفرد مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اس دیرینہ تعلق کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونا دونوں ممالک کی دوستی کے تاریخی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے توانائی کے منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں اور یہ پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کو سچائی اور درست معلومات کے فروغ کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے انفارمیشن کوریڈور کے آغاز پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور چین کے درمیان معلومات کے تبادلے میں بہتری آئے گی اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت اور روایات سمجھنے میں مدد ملے گی۔
چینی سفیر نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے خلاف پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنے اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔