Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں تعلیمی ادارے کسی صورت بند نہیں ہوں گے، دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انجام تک پہنچائیں گے: وزیراعلیٰ

 کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کی فضا ختم کرکے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بزدلانہ حملے حکومت کے عزم اور حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ بلوچستان حکومت کسی صورت اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند نہیں کرے گی بلکہ نوجوانوں کو تعلیم، شعور اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

صوبے میں سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوشکی گرلز کالج میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز کالج میں دہشت گرد داخل ہوئے اور تین طالبات کو زخمی کیا۔ زخمیوں میں سے دو طالبات کو شدید چوٹیں آنے پر کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کے بہترین علاج اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ تیسری طالبہ کو معمولی زخم آئے اور اس کا علاج نوشکی میں کیا گیا۔

 

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد بلوچ بچیوں اور بچوں کو تعلیم سے دور رکھنا ہے۔ سوال یہ ہے کہ معصوم طالبات پر حملے کرنا اور انہیں گولیوں کا نشانہ بنانا کون سی بلوچیت اور روایات ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بلوچ معاشرہ اپنی روایات کا امین ہے، لیکن ایسے عناصر بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھنے اور انہیں ریاست کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر بچے اور بچیاں تعلیم حاصل نہیں کریں گے تو دہشت گرد انہیں پروپیگنڈے کے ذریعے ریاست پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔

حکومت کا عزم ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں اور انہیں دہشت گردی کے اثرات سے محفوظ رکھا جائے۔

 

انہوں نے زخمی طالبات اور ان کے والدین کو یقین دلایا کہ حکومت اس واقعے میں ملوث عناصر کا پیچھا جاری رکھے گی۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں تک پہنچ کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

 

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نوشکی گرلز کالج کا واقعہ بلوچستان کے دانشوروں، پروفیسرز اور سول سوسائٹی کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ ایک جانب حکومت بچیوں کے لیے آکسفورڈ اور ہارورڈ جیسے عالمی تعلیمی اداروں تک رسائی کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب دہشت گرد انہیں تعلیم سے دور رکھنے کے درپے ہیں۔ ماضی میں بھی دہشت گرد متعدد پروفیسرز کو نشانہ بنا چکے ہیں اور اب ان کی کارروائیوں کا رخ طلبہ و طالبات کی جانب ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور بربریت کا مقابلہ کرے گی۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز گزشتہ کئی روز سے پہاڑی علاقوں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں ان کا تعاقب کر رہی ہیں۔ دہشت گردوں کو شہری مراکز اور پہاڑوں سمیت کہیں بھی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ملنے دی جائیں گی اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پہلے ہی 3 ہزار 200 بند اسکول کھول چکی ہے اور اب تعلیمی اداروں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے انہیں مزید فعال بنایا جائے گا۔ حکومت کسی دباؤ یا دھمکی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل نہیں کرے گی۔

 

میر سرفراز بگٹی نے نوشکی گرلز کالج کی زخمی طالبات سے اظہار یکجہتی کے لیے بیوٹمز یونیورسٹی میں اسپورٹس گالا منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں ن

ے کہا کہ نوشکی کے اسی کالج میں بھی زخمی طالبات کے نام سے اسپورٹس فیسٹیول منعقد کیا جائے گا، جس کا اہتمام محکمہ کھیل کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان سرگرمیوں کے ذریعے دہشت گردوں کو پیغام دیا جائے گا کہ ان کے حملے حکومت کو تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور نہیں کرسکتے۔ بلوچستان کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو آباد رکھا جائے گا اور صوبے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ ریاست کے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دلیل کی بنیاد پر بات کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بعض رہنماؤں کے بچے فرانس اور دیگر ممالک میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں تو بلوچ بچیوں کو نوشکی کے کالج میں تعلیم حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کا حق کیوں نہیں؟

 

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، شعور، ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ نوجوانوں کے لیے کاروبار اور ذریعہ معاش کے پروگراموں پر توجہ دی جائے گی، جبکہ یوتھ پالیسی سمیت حکومتی اقدامات میں نوجوانوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

 

میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے حکومت کے ارادوں کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کریں گے۔ بلوچستان حکومت پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] کا کہنا تھا کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ رات گئے شروع ہوا جو صبح تک […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More