اسلام آباد: خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی صدارت میں پروگرام کے مختلف اقدامات اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کو بااختیار بنانے اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے میں بی آئی ایس پی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پروگرام کے جاری اقدامات کو مزید مؤثر اور وسیع بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
خاتونِ اول نے مالیاتی آگاہی اور عوامی شعور میں اضافے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے مستحقین کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تجویز دی کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے تعاون سے بی آئی ایس پی کی سہولیات اور خدمات کو زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچایا جائے۔
اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پروگرام کے تحت خرچ کیا جانے والا ہر ایک روپیہ 2 روپے 34 پیسے کی حقیقی آمدن پیدا کرتا ہے، جبکہ بی آئی ایس پی سے منسلک معاشی سرگرمیوں کے نتیجے میں قومی خزانے کو سالانہ 174 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔
روبینہ خالد نے مزید بتایا کہ بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت 50 ہزار سے زائد افراد کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے رجسٹر کیا جا چکا ہے۔ پروگرام کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، مہمان نوازی اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے، تاکہ افراد کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرکے معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔
[…] لیے ایک عملی نمونے کے طور پر کام کرے گا۔ یہ اقدام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اس عزم کا عکاس ہے کہ روایتی سماجی معاونت سے […]
[…] بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت ضلع میں 43,091 مستحقین مستفید ہو رہے ہیں، جن میں 23,044 حاملہ خواتین اور 20,047 بچے شامل ہیں۔ اسی طرح بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت 4,499 اسکولوں میں مستحق خاندانوں کے 168,776 بچے رجسٹرڈ ہیں۔ […]