Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے یومِ جمہوریہ پر مبارکباد، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر ترک حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ ایک مضبوط عالمی قوت کے طور پر اپنی شناخت مستحکم کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 29 اکتوبر 1923 کو مصطفیٰ کمال پاشا کی قیادت میں جمہوریہ ترکیہ کی بنیاد رکھی گئی۔ آج ترکیہ معیشت، دفاعی ٹیکنالوجی اور جدید بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ تحریکِ خلافت کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ترک عوام کا بھرپور ساتھ دیا، جبکہ ترکیہ نے بھی مشکل حالات میں ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکیہ پاکستان کی مدد کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ اسی طرح 2010 کے تباہ کن سیلاب کے دوران صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کا دورہ کیا اور متاثرین کی بحالی کے لیے تعاون کیا۔ ترکیہ نے مظفرگڑھ میں جدید اسپتال کے قیام اور سیلاب متاثرین کو سہولیات فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کے مطابق بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت پاکستانی عوام کے لیے حوصلے کا باعث بنی، اور پاکستان ترک قیادت اور عوام کے اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مختلف شعبوں میں مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے مشترکہ دفاعی معاہدے کو دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ مشترکہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم نے پاک ترکیہ اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں طیب اردوان خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] کے بعد جاں بحق بچیوں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے دو افراد […]

  2. […] سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اور دانش سکولز کی تعمیر […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More