Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پیپلزپارٹی کی اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت

 اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی نظام میں بہتری اور انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے وفد نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں انتخابی اصلاحات کے عمل اور پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی کے وفد نے اپوزیشن رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ کمیٹی کا حصہ بن کر انتخابی نظام میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں، تاکہ حکومت اور اپوزیشن مشترکہ طور پر شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے قابل عمل سفارشات تیار کر سکیں۔

پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا کہ پارٹی کا مقصد ایسا انتخابی نظام تشکیل دینا ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد ہو۔ اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپنی تجاویز پیش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل پر بار بار اٹھنے والے سوالات پارلیمان کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں، جبکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات ووٹرز کے حقوق کے تحفظ اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

شیری رحمان نے بتایا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان پر مشتمل انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرکے منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کرے گی۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے انتخابی عمل میں شفافیت اور بہتری کے لیے پیپلزپارٹی کی تجویز سے اتفاق کیا۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت سینیٹر شیری رحمان نے کی، جبکہ وفد میں نیئر بخاری، ندیم افضل چن اور سینیٹر وقار مہدی بھی شامل تھے۔ اپوزیشن کی جانب سے علامہ راجہ ناصر عباس، محمود خان اچکزئی، نور الحق قادری اور سینیٹر علی ظفر نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کا وفد گزشتہ روز بھی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کر چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی اور اپوزیشن سے کمیٹی کے لیے ارکان کے نام طلب کیے گئے تھے، تاہم اپوزیشن رہنماؤں نے مشاورت کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] پیپلز پارٹی کی ترجمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں سیاسی مکالمے اور نظام کی بہتری کے لیے نئے راستے اختیار کرنے کی بات کی ہے، لہٰذا حکومت کو ذاتی حملوں کے بجائے جمہوری مکالمے کے ذریعے جواب دینا چاہیے۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More