Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

الیکشن ریفارمز کمیٹی 30 ارکان پر مشتمل ہوگی، اسپیکر جلد نوٹیفکیشن جاری کریں گے: طارق فضل چودھری

 اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی جلد کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

وفاقی وزیر کے مطابق کمیٹی کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے۔ قومی اسمبلی میں کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تحریک پیش کیے جانے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف نے مخالفت نہیں کی تھی۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے بتایا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے قائم کی جانے والی پارلیمانی کمیٹی مجموعی طور پر 30 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس میں قومی اسمبلی کے 20 اور سینیٹ کے 10 ارکان شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کو ان کی ایوان میں عددی نمائندگی کے تناسب سے نشستیں دی جائیں گی۔ کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد انتخابی نظام میں بہتری، شفافیت اور اصلاحات کے لیے پارلیمانی مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کی مثبت اور قابل عمل تجاویز کو اہمیت دی جائے، تاکہ ایسا انتخابی نظام تشکیل دیا جا سکے جس سے عوام کا اعتماد بڑھے اور جمہوری اقدار مستحکم ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کسی ایک سیاسی جماعت کا معاملہ نہیں بلکہ جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے قومی اہمیت کا حامل عمل ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی مشاورت اور قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More