Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

لاہور: سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فیصلہ کن معرکہ، پاکستان کا ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ

لاہور میں سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ شاداب خان بیماری کے باعث فائنل کا حصہ نہیں ہوں گے، ان کی جگہ فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم بیٹنگ میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، اس لیے ابتدائی 10 اوورز میں حریف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنا بنیادی ہدف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں چار فاسٹ بولرز شامل کیے گئے ہیں اور وکٹیں حاصل کرنا اولین ترجیح ہے۔

سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ آج کی پچ گزشتہ میچز کے مقابلے میں مختلف نظر آ رہی ہے۔ کھلاڑیوں نے فائنل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور کامیابی کے لیے سب کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ ان کے مطابق ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور ایشان ملنگا آج کا میچ نہیں کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں شرکت کی۔

پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دونوں اور سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اب گرین شرٹس کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز کی ٹرافی اپنے نام کرنے پر لگی ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More