ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوتن کے معاون یوری اوشاکوف نے کہا ہے کہ صدر پوتن نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے مذاکرات کرنے سے کبھی انکار نہیں کیا، اگر وہ براہ راست بات چیت چاہتے ہیں تو ماسکو آ سکتے ہیں۔
روسی ٹیلی ویژن کے صحافی پاویل زاروبن کو انٹرویو دیتے ہوئے یوری اوشاکوف نے کہا کہ اگر زیلنسکی صدر پوتن کو ٹیلی فون کریں تو روسی صدر یقیناً ان کی کال وصول کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ روسی صدر کی جانب سے یوکرینی قیادت کے ساتھ بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کیے گئے اور براہ راست ملاقات کے خواہش مند یوکرینی صدر کے لیے ماسکو آنے کا راستہ موجود ہے۔
کریملن کے معاون کا کہنا تھا کہ زیلنسکی مختلف ذرائع سے مذاکرات میں دلچسپی کے اشارے دے رہے ہیں، تاہم اگر وہ واقعی پوتن سے بالمشافہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ماسکو آنا ہوگا۔