خیبرپختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں، دہشت گردی کے مخالف صرف دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے سہولت کار اب موجود نہیں، صوبے میں نااہل اور لاتعلق حکومت بھی دہشت گردوں کے سہولت کاروں میں شامل تھی۔
عالمی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے خاتمے کے لیے واضح حکمت عملی موجود ہے، جس کے تحت ملک میں دہشت گردوں اور ان کے تمام سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے جڑے بعض معاملات کو اندرونی طور پر بھی حل کرنے کی ضرورت ہے،
خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے مخالف صرف وہ عناصر ہیں جن کے دہشت گردوں سے روابط ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بڑے فوجی آپریشن کے بجائے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، سکیورٹی فورسز روزانہ تقریباً 200 آپریشن کرتی ہیں، جن میں پولیس، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر حصہ لیتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے تمام داخلی مسائل کو بیرونی سازش قرار نہیں دیتا اور نہ ہی ملک میں ہونے والی تمام دہشت گردی کا ذمہ دار صرف افغانستان کو ٹھہراتا ہے، تاہم افغانستان دہشت گردوں کی قیادت، تربیتی مراکز اور لانچ پیڈز کا بنیادی ٹھکانہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ 20 برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہوا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے باعث سب سے زیادہ مشکلات برداشت کی ہیں۔ انہوں نے صوبے کے عوام کو بہادر اور امن و استحکام کا حقدار قرار دیا۔
حکومت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی معاملہ ہے، جس کا جواب سیاستدان بہتر دے سکتے ہیں، تاہم ان کے مطابق حکومت کی تبدیلی آئینی اور قانونی ضوابط کے تحت ہوئی
بلوچستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گرد اپنے سرپرستوں کے اشاروں پر صوبے کی ترقی اور ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہشت گرد مائننگ، ایل پی جی ٹرکوں، اسکولوں، اساتذہ، پلوں اور ریلوے لائنوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں۔