Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور سعودی عرب کا میڈیا و ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے میڈیا، اطلاعات، نشریات، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران عطاء اللہ تارڑ نے سعودی سفیر کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور عوامی بنیادوں پر قائم ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ، موسیقی، فلم، سیاحت، میڈیا اور ثقافتی سرگرمیوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار اور مشرقی روایات کی عکاسی کرتے ہیں، جنہیں سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب معاشی اور ثقافتی ترقی کے نئے مراحل طے کر رہا ہے۔ العلا میں سیاحت کا فروغ اور الدرعیہ کے تاریخی ورثے کو جدید انداز میں پیش کرنا اس وژن کی نمایاں مثالیں ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے دونوں ممالک کے ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، صحافیوں اور ڈیجیٹل کریئیٹرز کے وفود کے تبادلوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوامی سطح پر روابط مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے 2009 میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے پاکستانی شہری فرمان علی خان کو پاک سعودی دوستی کی قابل فخر مثال قرار دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو پاکستان کے خوبصورت سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی حسن اور تاریخی ورثے کے اعتبار سے بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے۔

ملاقات میں غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کے تدارک، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مضبوط بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار پر مبنی ڈیجیٹل مواد کی تیاری پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے فوکل پرسنز اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔

عطاء اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی آگاہی کے فروغ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم فیول ریلیف سکیم سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو 80 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

اس موقع پر سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے ثقافت، ادب، فنون اور میڈیا کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں پیٹرنز الیون کے کپتان سعد بیگ نے کہا کہ وائٹ بال سے ریڈ بال کرکٹ میں منتقلی کے دوران کھلاڑیوں کو اپنی سوچ اور حکمت عملی تبدیل کرنا پڑتی ہے۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More