جعفرآباد میں سرکاری واجبات کی وصولی تیز کرنے کا فیصلہ، عدم ادائیگی پر زمینداروں کو نوٹسز جاری ہوں گے
جعفرآباد: (رپورٹ) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے سرکاری واجبات کی بروقت اور مکمل وصولی یقینی بنانے کے لیے محکمہ ریونیو کے افسران اور عملے کو سخت ہدایات جاری کردیں، جبکہ واجبات کی ادائیگی سے گریز کرنے والے زمینداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ریونیو کے افسران، تحصیل داران اور عملہ مال نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف تحصیلوں میں سرکاری واجبات کی وصولی کی صورتحال اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران تحصیل داران اور متعلقہ عملے نے اپنی اپنی تحصیلوں میں وصولیوں سے متعلق ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ ضلع جعفرآباد میں خریف سیزن کی گرداوری مکمل ہوچکی ہے، اس لیے سرکاری واجبات کی وصولی میں اب کسی قسم کا عذر یا اعتراض قابل قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے تمام تحصیل داران اور عملہ مال کو ہدایت کی کہ زمینداروں سے سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ سرکاری واجبات ادا نہ کرنے والے زمینداروں کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری واجبات کی مکمل اور بروقت وصولی کے لیے محکمہ ریونیو کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔