کراچی: پاکستانی میزبان اور اداکارہ متھیرا ایک بار پھر اپنے منفرد فیشن اسٹائل کے باعث سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئیں، دبئی کے سفر کے دوران شیئر کی گئی تصاویر پر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
شوبز انڈسٹری میں طویل عرصے سے سرگرم متھیرا اپنی ذاتی زندگی، ماضی کی جدوجہد اور کاسمیٹک ٹریٹمنٹس کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کرتی رہی ہیں۔ وہ لباس اور فیشن کے معاملے میں بھی اپنی پسند کو ترجیح دیتی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے دبئی کے دورے کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں وہ ماؤو رنگ کے مختصر لباس، اسی رنگ کی کیپ اور ڈوپٹے میں نظر آئیں۔ ان کے انداز میں سر ڈھانپا ہوا تھا جبکہ لباس کے باعث ٹانگیں نمایاں دکھائی دے رہی تھیں۔
تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے۔ بعض افراد نے ان کے لباس کو نامناسب قرار دیا، جبکہ ایک صارف نے مذہبی حوالے سے بھی ان کے انداز پر تنقید کی۔
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا متھیرا پاکستان میں اپنا لباس بھول کر آگئی ہیں؟ دیگر صارفین نے بھی ان کے فیشن انتخاب پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے تبصرے صارفین کی ذاتی آرا ہیں، جبکہ متھیرا کی جانب سے تاحال اس تنقید پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔