واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے اختلاف کا اظہار کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جے ڈی وینس نے ری پبلکن پارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مہنگائی اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات پر زیادہ توجہ دے، کیونکہ ایران جنگ کے باعث پارٹی کو انتخابی نقصان اٹھانا پڑا۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امریکی عوام اسرائیل کے مفادات کے بجائے اپنے ملک کے مفادات کو ترجیح دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ ایران جنگ ری پبلکنز کی انتخابی شکست کی ایک اہم وجہ بنی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ انتخابی مہم کے دوران ری پبلکن پارٹی معاشی مسائل کو مؤثر انداز میں عوام کے سامنے پیش کرنے میں ناکام رہی۔
امریکی نائب صدر کے مطابق آئندہ دنوں میں انتخابی شکست کی وجوہات پر پارٹی کے اندر اختلافات مزید نمایاں ہو سکتے ہیں، جن میں خارجہ پالیسی اور عوامی معاشی مسائل بھی زیر بحث آئیں گے۔
امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس کے حالیہ مؤقف سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے سیاسی اختلافات اور پالیسی معاملات پر بڑھتے فاصلے کا تاثر سامنے آیا ہے۔