تہران: نائب ایرانی قومی سلامتی کونسل باقری کنی نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران مذاکرات کے چاروں ادوار کو ناکام بنایا اور اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ کر سفارتی عمل کو نقصان پہنچایا۔
تہران میں ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باقری کنی نے کہا کہ امریکا کے سابقہ رویے کے پیش نظر نئے سفارتی مرحلے سے قبل اس کے وعدوں پر اعتماد نہ کرنا ایران کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اگر مذاکرات کی بحالی اور سفارتی پیش رفت میں سنجیدہ ہے تو اسے صرف زبانی یقین دہانیوں کے بجائے عملی اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔
باقری کنی کا مزید کہنا تھا کہ ایران محض امریکی بیانات اور وعدوں پر بھروسہ نہیں کرے گا بلکہ نئے مذاکرات شروع کرنے سے پہلے امریکا کے عملی اقدامات اور اس کی سنجیدگی کا جائزہ لیا جائے گا۔