Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

برطانوی کامیڈین رسل برانڈ جنسی زیادتی کے الزامات میں مجرم قرار، پیر کو سزا سنائی جائے گی

 لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ کو لندن کی عدالت نے دو دہائیوں سے زائد عرصہ قبل پیش آنے والے واقعات سے متعلق جنسی جرائم کے مقدمے میں مجرم قرار دے دیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیوری نے چار خواتین سے متعلق جنسی زیادتی کے الزامات میں رسل برانڈ کو قصوروار ٹھہرایا ہے، عدالت کی جانب سے انہیں پیر کے روز سزا سنائی جائے گی، جس میں قید کی سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب عدالت نے جنسی زیادتی کے دو الزامات اور جنسی حملے کی کوشش کے ایک الزام میں انہیں بری کر دیا۔ مقدمے کا فیصلہ سنانے والی جیوری میں 8 مرد اور 4 خواتین شامل تھے، جنہوں نے دو روز تک 8 گھنٹے سے زائد غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا۔

مقدمے کے دوران رسل برانڈ نے اپنے خلاف تمام الزامات مسترد کیے تھے۔ عدالت میں بیان دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جوانی میں انہیں جنسی تعلقات کا جنون تھا اور ان کی زندگی بے راہ روی کا شکار رہی، تاہم انہوں نے کبھی کسی کو اس کی مرضی کے خلاف کسی عمل پر مجبور نہیں کیا۔

رسل برانڈ کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شکایت کنندہ خواتین نے مبینہ واقعات کے کئی برس بعد پولیس سے رابطہ کیا، جبکہ یہ شکایات 2023 میں ان کے خلاف ایک دستاویزی فلم نشر ہونے کے بعد سامنے آئیں، جس میں نام ظاہر کیے بغیر الزامات عائد کیے گئے تھے۔

رسل برانڈ نے 2000 کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں اپنے متنازع اسٹینڈ اپ کامیڈی شوز، ٹیلی ویژن پروگراموں اور بی بی سی ریڈیو شو کے ذریعے شہرت حاصل کی۔

انہوں نے ہالی ووڈ کی معروف فلموں ‘فورگیٹنگ سارہ مارشل’ اور ‘گیٹ ہِم ٹو دی گریک’ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بعد ازاں منشیات اور شراب نوشی کے مسائل کے باعث بھی خبروں میں رہے۔

حالیہ برسوں میں انہوں نے مرکزی دھارے کے میڈیا سے دوری اختیار کرتے ہوئے امریکی ریاست فلوریڈا میں رہائش اختیار کر لی تھی۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی خاصے مقبول ہوئے، جہاں صحت، سازشی نظریات اور مذہبی موضوعات پر ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More