غزہ: غزہ میں موسلادھار بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے 70 ہزار خیمے زیر آب آگئے، جس کے نتیجے میں تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، حماس نے اس صورتحال کا ذمہ دار اسرائیلی محاصرے کو قرار دیا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں نے غزہ کی محاصرے کے باعث پیدا ہونے والے انسانی بحران کی سنگینی مزید واضح کردی ہے۔ اسرائیل اور امن کونسل غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات کے ذمہ دار ہیں، جبکہ انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہیں۔
حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ بے گھر خاندانوں کو عارضی خیموں کے بجائے محفوظ اور مناسب پناہ گاہیں فراہم کی جائیں۔ تنظیم کے مطابق اسرائیل ہنگامی پناہ گاہوں، گرمائش کے آلات اور خیموں کی مرمت کے لیے ضروری سامان کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں بے گھر افراد کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 3 لاکھ خیموں کی فوری ضرورت ہے۔
حماس نے ثالثی اور ضمانت دینے والے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو موسم کی سختیوں اور بدترین انسانی حالات سے محفوظ رکھا جا سکے۔