Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پی اے سی اجلاس میں ریکوری کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان کی وضاحت

 کوئٹہ: محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں کسی قسم کی ریکوری کا فیصلہ نہیں کیا گیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ریکوری سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور اجلاس کی کارروائی کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق 6 نومبر 2026 کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر ترین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2022-23 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صرف چار آڈٹ پیراز زیر غور آئے جبکہ باقی ایجنڈا 30 نومبر 2026 تک مؤخر کردیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ غیر ترقیاتی بجٹ سے متعلق آڈٹ پیرا پر محکمے نے وضاحت پیش کی کہ مالی سال 2022-23 کے دوران محکمہ خزانہ نے مختلف مدات میں 12 ارب 11 کروڑ روپے جاری کیے، جن میں سے 2 ارب 83 کروڑ روپے غیر استعمال شدہ رہے۔ یہ بچت خالی آسامیوں کے باعث تنخواہوں اور دیگر جاری اخراجات میں کمی کی وجہ سے ہوئی۔ کمیٹی نے وضاحت سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ آڈٹ پیرا نمٹا دیا۔

ترقیاتی بجٹ کے 26 کروڑ 90 لاکھ روپے استعمال نہ ہونے سے متعلق آڈٹ پیرا پر محکمے نے بتایا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ 31 ارب 53 کروڑ روپے کے مقابلے میں غیر استعمال شدہ رقم صرف 0.85 فیصد بنتی ہے۔ کمیٹی نے پیش کردہ وجوہات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ آڈٹ پیرا بھی نمٹا دیا۔

مختلف بلڈنگ ڈویژنز میں مبینہ اضافی ادائیگیوں کے 9 کروڑ 3 لاکھ 41 ہزار روپے سے متعلق آڈٹ پیرا نمبر 4.2.1 کے تحت 25 اضلاع کے معاملات شامل تھے، تاہم اجلاس میں صرف شیرانی اور لسبیلہ کے معاملات زیر بحث آئے۔

ضلع شیرانی میں ترقیاتی منصوبوں کے تحت خود رو پودوں اور جھاڑیوں کی کٹائی و صفائی پر خرچ ہونے والے ایک لاکھ 51 ہزار روپے کے حوالے سے محکمے نے بتایا کہ متعلقہ تصویری شواہد آڈٹ ٹیم کو فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ایکسین بلڈنگ لسبیلہ کے معاملے پر تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی گئی۔ محکمے کے مطابق متعلقہ دور کے ایکسین ریٹائر ہوچکے ہیں اور جواب کی تیاری کے لیے ضروری ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات نے مزید واضح کیا کہ مذکورہ چار آڈٹ پیراز کے علاوہ اجلاس میں کوئی دوسرا معاملہ زیر بحث نہیں آیا، لہٰذا ریکوری سے متعلق خبروں کو پی اے سی کا فیصلہ قرار دینا درست نہیں۔

بیان کے مطابق چیئرمین پی اے سی نے محکمے کو ہدایت کی کہ 30 نومبر 2026 کو ہونے والے آئندہ اجلاس میں زیر التوا آڈٹ پیراز کے تفصیلی جوابات پیش کیے جائیں۔ اس کے علاوہ سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کی زیر صدارت ان مالی سالوں کے آڈٹ پیراز پر محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) کے اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی جن پر تاحال اجلاس نہیں ہوئے۔

محکمے نے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ اجلاس کی کارروائی سے متعلق خبریں نشر یا شائع کرنے سے پہلے ان کی تصدیق کی جائے اور حقائق کو درست تناظر میں پیش کیا جائے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More