کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان نے ایک بار پھر فلمی دنیا میں واپسی کا فیصلہ کر لیا، وہ ہدایت کار و پروڈیوسر وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
ریما خان نے 90 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران متعدد کامیاب فلموں میں کام کرکے شہرت حاصل کی۔ تاہم کچھ عرصہ قبل انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی، جس کے بعد ان کے مداح ان کی واپسی کے منتظر تھے۔
ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کے بعد ریما خان امریکا منتقل ہو گئی تھیں، جہاں وہ اپنی نجی اور خاندانی زندگی میں مصروف تھیں۔ اب وہ ایک نئے فلمی منصوبے کے ذریعے دوبارہ سلور اسکرین پر نظر آئیں گی۔
ہدایت کار وجاہت رؤف نے ریما خان کی اپنی فلم میں شمولیت کی خبر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
فلم ’پنچھی پیارے‘ میں ریما خان کا کردار کیا ہوگا اور اس کی کہانی کس موضوع کے گرد گھومے گی، اس بارے میں تاحال تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ریما خان کی فلمی دنیا میں واپسی کی خبر پر شوبز حلقوں اور مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عمران عباس، زویا ناصر اور علی رحمان خان سمیت متعدد فنکاروں نے ریما خان اور وجاہت رؤف کو نئے منصوبے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
فلم بین اب بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کہ ریما خان نئی فلم میں کس منفرد کردار کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہیں۔