لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کے لیے علیحدہ ہیڈ کوچ کی تلاش کا فیصلہ نہیں کیا، مائیک ہیسن ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ دور کے اختتام تک ریڈ بال ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن آئندہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ہوم ٹیسٹ سیریز میں بھی ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کو مائیک ہیسن کی ریڈ بال کوچنگ سے متعلق مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ مائیک ہیسن نے بھی کھلاڑیوں کے سامنے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مستقل ریڈ بال ہیڈ کوچ کی علیحدہ تقرری نہ ہونے کے باوجود مائیک ہیسن ٹیسٹ اسکواڈ کے انتخاب اور تبدیلیوں کے حوالے سے بھی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مائیک ہیسن کے مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ 2027 کے ورلڈ کپ کے بعد کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ان کا کوچنگ معاہدہ 2027 میں ختم ہوگا۔