تھرپارکر کے خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے، بی آئی ایس پی کا سندھ حکومت کو ڈیٹا فراہم کرنے کا اعلان
سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکر کو خشک سالی سے متاثرہ آفت زدہ علاقہ قرار دیے جانے کے بعد چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اسی روز ضلع تھرپارکر پہنچ گئیں۔ انہوں نے مٹھی، بدین اور عمرکوٹ کا دورہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ اس مشکل وقت میں بی آئی ایس پی سندھ حکومت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔
آج ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن نے کہا کہ سندھ حکومت خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بی آئی ایس پی کے ڈیٹا بیس سے استفادہ کرے گی، جبکہ بی آئی ایس پی اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک موبائل رجسٹریشن وین تھر اور ایک عمرکوٹ میں سروے اور رجسٹریشن میں معاونت فراہم کر رہی ہے، لیکن اب تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں کے لیے ایک اضافی موبائل رجسٹریشن وین بھی مختص کی جائے گی۔
چیئرپرسن نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے لیے اضافی مالی امداد کی فراہمی کے حوالے سے صدرِ پاکستان اور وزیراعظمِ پاکستان سے بھی بات کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امدادی رقوم کی شفاف تقسیم اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ مستحقین کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں اور چھ بینکوں کے ذریعے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ ناجائز کٹوتیوں اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی ثناء اللہ رند نے بتایا کہ تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں سروے اور رجسٹریشن کے دفاتر فعال ہیں۔ ضلع میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 26 ہزار، جبکہ وسیلہ پروگرام کے تحت مالی معاونت حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 52 ہزار ہے۔
قبل ازیں چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں خشک سالی کی صورتحال، امدادی رقوم میں ناجائز کٹوتیوں، ڈیوائس ہولڈرز کی شکایات اور دیگر مسائل پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شمیر خان بھٹو، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ضلعی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں، ڈی جی سندھ ثناء اللہ رند، بی آئی ایس پی کنسلٹنٹ نوید خان اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
[…] پیپلز پارٹی سے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سید اسد […]