خاران: حکومت بلوچستان کے تعاون سے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام رائیز پروگرام کے تحت نصیر کبدانی لبزانکی دیوان ہال خاران میں ’’خاران کی ثقافت اور آثارِ قدیمہ‘‘ کے عنوان سے پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل کو علاقے کی قدیم تاریخ، روایات اور ثقافتی شناخت سے آگاہ کرنا تھا۔
تلاوتِ کلامِ پاک سے شروع ہونے والی اس نشست میں ادب، تاریخ اور ثقافت سے وابستہ شخصیات، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی۔ معروف ماہرِ تعلیم و ادیب پروفیسر ڈاکٹر شکور زاہد نے پینل ڈسکشن کی میزبانی کی، جبکہ ممتاز دانشوروں احمد مہر، پروفیسر شاہ جی شمیم اور سفر خان راسکوئی نے بطور پینلسٹ اظہارِ خیال کیا۔
مقررین نے خاران کی تاریخی اہمیت اور قدیم تہذیبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ خطہ آثارِ قدیمہ کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جہاں نوشیروانی عہد سے قبل کے تقریباً 54 تاریخی مقامات موجود ہیں۔ ان کے مطابق قلعہ خاران، نوروز قلات کا قلعہ، جامع مسجد اور دیوان خانہ سمیت متعدد تاریخی عمارتیں علاقے کے شاندار ماضی کی عکاس ہیں۔
پینلسٹس نے افسوس کا اظہار کیا کہ مناسب دیکھ بھال اور تحفظ کے اقدامات نہ ہونے کے باعث کئی تاریخی مقامات کھنڈرات میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہرگوک کے ہزاروں سال قدیم تاریخی ورثے کو بلڈوزر کے ذریعے مسمار کیے جانے اور قیمتی نوادرات کی مبینہ لوٹ مار پر تشویش ظاہر کی۔
مقررین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خاران کے تاریخی مقامات اور ثقافتی اثاثوں کے تحفظ، بحالی اور دیکھ بھال کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اس قیمتی ورثے کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر بی آر ایس پی رائیز پروگرام کے مانیٹرنگ آفیسر سید یسین شاہ احسان نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور رائیز پروگرام کا مقصد خاران کے عوام کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانا اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے تاریخی اور ثقافتی تشخص سے روشناس کرانا بھی اسی کوشش کا اہم حصہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر بی آر ایس پی رائیز پروگرام کی جانب سے پینلسٹس اور معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ نصیر کبدانی لبزانکی دیوان کی جانب سے کتابوں کا اسٹال بھی لگایا گیا، جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی لی۔
پروگرام کے آخری حصے میں بلوچی روایتی موسیقی کی خصوصی محفل کا اہتمام کیا گیا، جس سے شرکاء اور نوجوان محظوظ ہوئے۔ تقریب کو خاران کی تاریخ، ثقافت اور روایتی ورثے کو اجاگر کرنے اور نوجوانوں میں علمی و ثقافتی شعور بیدار کرنے کی اہم کاوش قرار دیا گیا۔