لاہور: پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی دیرینہ دوست اور سینئر فنکارہ حمیرا ظہیر کی صحت سے متعلق تازہ صورتحال بتاتے ہوئے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
بشریٰ انصاری کے مطابق حمیرا ظہیر کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ گزشتہ ایک ہفتے سے زیر علاج ہیں۔ تاہم ان کی صحت میں تاحال کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی اور حمیرا ظہیر کی دوستی 54 سال پرانی ہے اور دونوں بچپن کی گہری سہیلیاں ہیں۔ وہ ایک ساتھ ٹی وی پروگرام میں گلوکاری کرتی تھیں اور بعد ازاں کالج بھی اکٹھی جایا کرتی تھیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ حمیرا کی شادی جلد ہوگئی تھی۔ ان کے شوہر ظہیر خان معروف ڈائریکٹر اور پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق جنرل منیجر رہ چکے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں خاندانوں نے ایک ساتھ اچھا وقت گزارا اور ہمیشہ اپنے دکھ سکھ ایک دوسرے کے ساتھ بانٹے۔
انہوں نے بتایا کہ حمیرا ظہیر بالکل خیریت سے تھیں، تاہم اچانک طبیعت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ وہ اور اداکار بہروز سبزواری روزانہ ہسپتال جا کر اپنی دوست کی عیادت کر رہے ہیں اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے ذہنی دباؤ کے صحت پر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پریشانی اور تناؤ انسان کی صحت کو بری طرح متاثر کر سکتے ہیں۔
سینئر اداکارہ نے مداحوں اور سوشل میڈیا فالوورز سے اپیل کی کہ وہ حمیرا ظہیر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری اس سے قبل بھی انسٹاگرام پر اپنی دوست کی ناسازیٔ طبیعت سے متعلق آگاہ کر چکی ہیں اور مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔