کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے، جرائم کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
اس حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام رینجز کے ڈی آئی جیز، آر پی اوز اور ضلعی پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، پولیس کی کارکردگی، جرائم کی روک تھام اور عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، درپیش مسائل اور جرائم کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
آئی جی پولیس محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے پولیس گشت میں اضافے، عوامی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
آئی جی پولیس نے تھانوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور سائلین کو عزت و احترام دینے پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل اپنائیں تاکہ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہو۔
انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو پولیس دربار باقاعدگی سے منعقد کرنے اور اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے اختتام پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کے لیے بلوچستان پولیس تمام دستیاب وسائل اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی
[…] نے بلوچستان میں پانی کی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل اور میرانی ڈیم […]