کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے صوبے میں جاری اہم اسٹریٹجک ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
اس سلسلے میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اوور سائٹ اسٹریٹجک پروجیکٹس کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبے بھر میں جاری اور زیر التوا اہم منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 34 اسٹریٹجک منصوبوں میں سے 14 منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے ہدایت کی کہ عوامی مفاد سے منسلک تمام اہم منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ منصوبوں میں تاخیر دور کرنے اور تعمیراتی کاموں کی رفتار بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ ان کی تکمیل سے صوبائی معیشت کو تقویت ملنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور عوامی خدمات کے شعبوں میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
چیف سیکرٹری نے منصوبوں کی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں منصوبوں کی تکمیل کے بعد ان کی دیکھ بھال اور طویل المدتی پائیداری یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی پر بھی اتفاق کیا گیا۔