Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان صرف خام معدنیات برآمد نہیں کرے گا، مکمل ویلیو چین کی ترقی ہدف ہے: اسحاق ڈار

  اسلام آباد:  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد صرف معدنی وسائل نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں بلکہ معدنی شعبے کی مکمل ویلیو چین کو ترقی دینا ہے، بلوچستان پاکستان کے معدنی مستقبل کی بنیاد ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے فورم میں شریک ملکی و غیر ملکی مندوبین کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی اور پاکستان میں عالمی سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنی شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کے عزم پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے۔ پاکستان کی قیادت معدنی وسائل کی ترقی کے حوالے سے یکساں مؤقف اور سوچ رکھتی ہے، جو خوش آئند ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور حکومت کی جانب سے اس اہم فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہیں، جبکہ پاکستان کی معدنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں وزارت خارجہ اور سفارتی مشنز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان صاف توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور صنعتی پیداوار کے عالمی شعبوں میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحات اور محتاط مالیاتی انتظام کے ذریعے معاشی استحکام کے حصول میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل کی ترقی پاکستان کی معاشی تبدیلی کے اگلے مرحلے کا اہم جزو ہے۔ ملک میں معدنیات کی پراسیسنگ، صفائی اور ان سے تیار مصنوعات بنانے کی صلاحیت بتدریج بڑھائی جائے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ معدنی شعبے میں کان کنی، جدید ٹیکنالوجی، پراسیسنگ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، جس سے انجینئرنگ، آٹومیشن، خدمات اور صنعتی پیداوار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صاف توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے رجحان کے باعث تانبے سمیت دیگر معدنیات کی عالمی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان عالمی سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور معدنی وسائل کی فراہمی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More