بارڈر تجارت کے فروغ سے عوام خوشحال ہوں گے، بلوچستان سے بندوق کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں: کور کمانڈر بلوچستان
تربت: کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام اولین ترجیح ہے، سرحدی راستے تجارت کے لیے کھولنے سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور عوام کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔
تربت میں منعقدہ عوامی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان سے انہیں گہرا لگاؤ ہے اور وہ صوبے کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سرحدوں کو تجارت کے لیے کھولا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو کاروبار اور روزگار کے مواقع میسر آئیں۔ بندوق کے کلچر کا خاتمہ کرکے علاقے میں پائیدار امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے، جبکہ سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ علاقوں میں بھی ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاک فوج بھی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے۔ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان اعتماد، تعاون اور یکجہتی صوبے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
کور کمانڈر نے مزید کہا کہ سرحدی تجارت کے فروغ سے مقامی کاروبار کو وسعت ملے گی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا اور عوام کو معاشی طور پر مستحکم بنانا ضروری ہے۔
عوامی کھلی کچہری میں ضلع کیچ، تمپ اور پنجگور کے قبائلی عمائدین، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل ظفر اقبال، آئی جی پولیس بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔