\- انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جاری مشترکہ اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ خطے کی بدلتی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، خصوصاً معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی سفارتی کوششوں سے ترک صدر کو آگاہ کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے سفارتی کوششوں کے دوران مسلسل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں ممالک نے قومی مفادات کے اہم معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے اور مشترکہ وژن کے تحت سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔