اسلام آباد: ملک کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا، الیکشن کمیشن نے وزیراعظم آفس کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جواب نہ ملنے کی صورت میں مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات سے متعلق کیس کا تحریری حکم جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ 42 کنٹونمنٹ بورڈز کی مدت 11 اپریل 2026ء کو ختم ہوچکی ہے اور قانون کے مطابق 8 اگست تک نئے انتخابات کرانا ضروری تھے، تاہم مقررہ مدت میں انتخابی عمل مکمل نہیں ہوسکا۔
تحریری حکم کے مطابق الیکشن کمیشن نے 11 جنوری 2026ء کو حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا تھا جبکہ 20 اپریل کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست بھی شائع کردی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ ایکٹ کی دفعہ 19 ڈی کے تحت انتخابات کے انعقاد کیلئے وفاقی حکومت کی باضابطہ درخواست لازمی ہے۔
اس سلسلے میں وزارت دفاع کو 14 مئی، 26 مئی اور 16 جون کو خطوط ارسال کیے گئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے 16 جولائی کو وزیراعظم کو بھی ڈی او خط لکھ کر معاملے پر توجہ دلائی تھی۔
حکم نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت دفاع اور ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس کی جانب سے انتخابات کرانے پر آمادگی ظاہر کی جاچکی ہے، تاہم حتمی معاملہ وزیراعظم آفس میں زیر التوا ہے۔
10 نومبر کو بریگیڈیئر ریٹائرڈ فلک ناز اور خلیل رانا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جہاں وزارت دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت کو انتخابات کے انعقاد کیلئے باضابطہ درخواست بھجوا دی گئی ہے، تاہم وزیراعظم آفس کی جانب سے تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعظم آفس کو ایک مرتبہ پھر خط لکھنے اور دو ہفتوں کے اندر اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
تحریری حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہوا تو کمیشن مناسب حکم جاری کرنے پر مجبور ہوگا، جبکہ کیس کی مزید سماعت تین ہفتوں بعد ہوگی۔