Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خام معدنیات کی برآمد کا دور ختم کرنا ہوگا، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بڑا پیغام

اسلام آباد:   چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی معدنی دولت سے حقیقی معاشی فائدہ اٹھانے کیلئے خام مال کی برآمد سے آگے بڑھ کر ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ پر توجہ دینا ہوگی، معدنی وسائل کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچانا بھی ناگزیر ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان قدرتی ذخائر کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی کیلئے مربوط اور طویل المدتی حکمت عملی اپنانا ہوگی، صرف خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ملک میں ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین کو فروغ دینا ہوگا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل سے بھرپور علاقوں کے عوام کو ترقی کے عمل میں شریک کرنا اور انہیں براہِ راست فوائد فراہم کرنا ضروری ہے، حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب مقامی آبادی کی زندگیوں میں واضح اور مثبت تبدیلی آئے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ معدنی شعبے میں ویلیو ایڈیشن سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور روزگار کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پائیدار معاشی فوائد کا ذریعہ بنیں، اس مقصد کیلئے قدرتی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہوگا۔

پاکستانی عوام کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، تاہم انہیں عملی کامیابی میں تبدیل کرنے کیلئے عوام کی محنت اور صلاحیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو اب اپنی صلاحیتوں کو پیداوار میں بدلنا، وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا اور خام معدنیات کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کا فیصلہ کن خاتمہ کرنے اور خیبر پختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More