کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے قومی ہیروز کے اعزاز میں کوئٹہ میں پروقار تقریب، بلوچستان کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال
کوئٹہ: صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کی جانب سے آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں سرینا ہوٹل کوئٹہ میں پروقار استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں قومی ٹیم کے منیجر اور سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان بلوچستان دُرا بلوچ سمیت ٹیم میں شامل بلوچستان کے کھلاڑیوں سید فرید الدین اور عمران خان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کھیل ڈاکٹر یاسر خان بازئی، ڈائریکٹر یوتھ آفیئرز سجاد اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری کھیل امجد حسین، پرسنل سیکرٹری کھیل صادق بڑیچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیویٹیز محمد آصف لانگو، بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل محمد کاکڑ، بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کے منیجر منصور احمد سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے عالمی چیمپئن ٹیم کے منیجر دُرا بلوچ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ورلڈ کپ میں کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ فائنل میں بلوچستان کے کھلاڑی سید فرید الدین نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 رنز بنائے اور 4 وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں مین آف دی فائنل قرار دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے عالمی کامیابی کی خوشی میں چیمپئن کھلاڑیوں کے ہمراہ کیک کاٹا اور قومی ٹیم کی کامیابی کو پاکستان اور بلوچستان کے لیے باعث فخر قرار دیا۔