چمن کی تاریخ میں پہلی بار خاتون اسسٹنٹ کمشنر تعینات، آئیڈا جوڈتھ گل کا بازاروں کا دورہ، دکانداروں کو وارننگ
چمن: چمن کی انتظامی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعینات ہونے والی خاتون اسسٹنٹ کمشنر مس آئیڈا جوڈتھ گل نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد شہر کے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کے معیار کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اشیائے خوردونوش کی دکانوں، کباڑی مارکیٹ، بوٹ شوز ہاؤسز اور دیگر کاروباری مراکز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اشیاء کے معیار، صفائی ستھرائی، حفظان صحت کے اصولوں، حفاظتی انتظامات اور مصنوعات کی تاریخ تنسیخ چیک کی۔
اس موقع پر انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے، دکانوں میں صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جائے اور زائدالمیعاد و غیر معیاری اشیاء کی فروخت سے گریز کیا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر آئیڈا جوڈتھ گل نے واضح کیا کہ عوام کی صحت، سہولت اور حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے معیار، صفائی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے معائنہ اور نگرانی کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔