Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ایران سے جنگی نقصانات کا معاوضہ کون ادا کرے گا؟ خلیجی ممالک کا سلامتی کونسل میں بڑا مطالبہ

 دوحہ: (ویب ڈیسک) خلیجی ممالک نے ایران سے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تہران کو حملوں اور ان کے نتائج کا ذمہ دار قرار دینے پر زور دیا ہے، جبکہ ایران نے جوابی الزام عائد کرتے ہوئے خلیجی ممالک کو بھی جواب دہ بنانے کا مطالبہ کردیا۔

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایران نے خلیجی ممالک پر ہزاروں میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، تیل و گیس کی تنصیبات، بجلی گھروں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

جاسم البدیوی کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک اس جنگ کا حصہ نہیں تھے بلکہ انہوں نے کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کیں، اس کے باوجود انہیں حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران کو ان حملوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے اور مکمل ہرجانہ ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔

جی سی سی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایران کے ساتھ مستقبل میں کسی بھی معاہدے میں اس کے جوہری پروگرام، میزائلوں، ڈرونز اور مسلح گروہوں کی حمایت جیسے اہم معاملات کو شامل کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر غلام حسین نے خلیجی ممالک کے الزامات مسترد کرتے ہوئے جوابی مؤقف اختیار کیا کہ خلیجی ممالک نے ایران پر امریکی حملوں کے دوران واشنگٹن کی مدد کی۔

ایرانی نائب سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا کا ساتھ دینے والے خلیجی ممالک کو بھی جواب دہ ہونا چاہیے، یوں سلامتی کونسل میں ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ سامنے آگیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More