پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہلِ خانہ بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان نے 14 نومبر کو ضلع نوشکی کے قریب مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔
اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے شہداء کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔