’’دی میوزک باکس‘‘ کے نام سے پیش کیے جانے والے شو میں موسیقی، دلکش جسمانی حرکات، رنگا رنگ ملبوسات اور حاضرین سے براہِ راست رابطے نے کتاب میلے کی رونقوں کو مزید بڑھا دیا۔
شارجہ بک اتھارٹی کی جانب سے 14 نومبر کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پرتگالی فنکار آندرے دوس سانتوس وییرا اور ہیلینا ریس نے کتاب میلے کے خصوصی فنکارانہ پروگرام کے تحت یہ پرفارمنس پیش کی۔
شو میں ہیلینا ریس شہزادی کا کردار ادا کرتی ہیں، جو موسیقی کے ڈبے میں موجود گھومتے ہوئے پلیٹ فارم پر ساکت کھڑی ہوتی ہیں۔ میوزک باکس کی چابی گھماتے ہی وہ حرکت میں آ جاتی ہیں، جبکہ آندرے دوس سانتوس وییرا شہزادے کے روپ میں ان کے ساتھ پرفارم کرتے ہیں۔
دونوں فنکار موسیقی، منفرد حرکات اور خصوصی ملبوسات کے ذریعے پریوں کی دنیا کا منظر پیش کرتے ہیں۔ اس دوران بچوں اور دیگر زائرین کو فنکاروں سے بات چیت کرنے اور یادگاری تصاویر بنوانے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
فنکارہ ہیلینا ریس نے بتایا کہ ’’دی میوزک باکس‘‘ کا تصور بچپن میں سنی جانے والی روایتی پریوں کی کہانیوں سے لیا گیا ہے، جس کا مقصد کتابوں کے صفحات میں موجود خیالی کرداروں کو متحرک انداز میں حاضرین کے سامنے پیش کرنا ہے۔
آندرے دوس سانتوس وییرا کا کہنا تھا کہ اس پرفارمنس کا سب سے دلچسپ پہلو لوگوں کا ردعمل ہے، جب حاضرین انہیں حقیقی انسانوں کے بجائے پریوں کی کہانیوں کے کردار سمجھ کر بات چیت کرتے ہیں تو یہ ایک حیرت انگیز تجربہ ہوتا ہے۔
دونوں فنکار ’’دی میوزک باکس‘‘ کے علاوہ ’’مسٹر مفن‘‘ اور ’’مسز چیری‘‘ کے کرداروں پر مشتمل ایک اور شو بھی پیش کر رہے ہیں، جو مٹھائیوں کی خیالی دنیا سے متاثر ہے۔ ان کرداروں کی مزاحیہ حرکات اور دلچسپ گفتگو زائرین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے مختلف نمائشی ہالز اور راہداریوں میں بھی تھیٹر فنکار منفرد کرداروں کے روپ میں گھومتے دکھائی دیتے ہیں، جن میں ایک بڑی قصے کی کتاب سے باہر آنے والا خیالی کردار بھی شامل ہے۔
منتظمین کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد کتاب میلے کو صرف کتابوں کی نمائش تک محدود رکھنے کے بجائے ثقافت، تھیٹر، موسیقی، بصری فنون اور خاندانی تفریح کا جامع مرکز بنانا ہے۔
رواں سال شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کا عنوان ’’کہانیوں سے تخلیق‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت کہانیوں کو کتابوں کے صفحات سے نکال کر تخلیقی فنون کے ذریعے زندہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پرتگالی فنکاروں کی یہ پرفارمنس بھی اسی تصور کی خوبصورت عکاسی کر رہی ہے۔