اسلام آباد (ویب ڈیسک): ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبوں کی جانب سے وفاقی حکومت کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کر دی گئی، جسے مالیاتی امور میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران یہ رقم آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت وفاق کو فراہم کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 164 این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہے، جس کے تحت وفاق اور صوبے کسی بھی قومی مقصد کے لیے ایک دوسرے کو مالی گرانٹ دے سکتے ہیں۔
موجودہ مالی سال کے بجٹ میں صوبوں کی جانب سے وفاق کو مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا معاہدہ طے پایا تھا۔
اس معاہدے کے تحت پنجاب سے 555 ارب روپے، سندھ سے 263 ارب روپے، خیبرپختونخوا سے 157 ارب روپے جبکہ بلوچستان سے 58 ارب روپے حاصل کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پہلی سہ ماہی میں 57 ارب 46 کروڑ روپے کی فراہمی اسی مالیاتی انتظام کا حصہ ہے۔