Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

علاقائی امن اور معاشی ترقی کیلئے مذاکرات ناگزیر ہیں، افغانستان کو ہمسایہ ممالک کے سکیورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالنا ضروری ہے۔ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، تاہم افغان حکام کو دہشت گردی سمیت ہمسایہ ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی ترقی اور اقتصادی تعاون کا فروغ امن و استحکام سے مشروط ہے۔ عدم تحفظ نہ صرف تجارتی راستوں اور توانائی کی فراہمی کو متاثر کرتا ہے بلکہ سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں بھی رکاوٹ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تنازعات کے پرامن حل، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بھی تشویش ہے اور تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مستحکم افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہے اور اس سے تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ افغانستان کو علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اعتماد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے دور میں علاقائی ممالک کے درمیان قریبی تعاون پہلے سے زیادہ ضروری ہوگیا ہے۔ مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات اور مضبوط شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ای سی او صدارت کے دوران پانچ بنیادی ترجیحات پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جن میں تجارت و سرمایہ کاری کا فروغ، علاقائی روابط کی مضبوطی، ای سی او تجارتی معاہدے کی پیش رفت، موسمیاتی و قدرتی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کی بندرگاہوں کے درمیان تجارتی و ٹرانزٹ روابط بہتر بنانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

کسٹمز نظام میں ہم آہنگی، سرحدی انتظامات میں بہتری اور قابل اعتماد ٹرانزٹ سہولیات سے علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو علاقائی تجارت میں شامل کرنا، نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانا اور کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانا بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، پانی اور توانائی کے وسائل پر بڑھتے دباؤ کو اہم علاقائی چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیشگی انتباہی نظام، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور پائیدار وسائل کے انتظام میں مشترکہ تعاون ناگزیر ہے۔

نائب وزیراعظم نے نوجوانوں کو خطے کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تحقیق، فنی تربیت اور جدت کے مواقع بڑھا کر انسانی وسائل کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق ای سی او کی پانچوں ترجیحات ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور ان پر مؤثر عمل درآمد سے علاقائی تجارت، سرمایہ کاری، معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] اسحاق ڈار نے کہا کہ بنگلہ دیشی وفد کا دورہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے سیکھنے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More