اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کا خاتمہ دھمکیوں یا فوجی کارروائیوں سے نہیں بلکہ سفارت کاری اور بامقصد مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے علاقائی ممالک کو باہمی رابطوں اور مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کا باعث بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کو ایران سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف فوجی حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے عدم جارحیت کے اصول پر مبنی سکیورٹی نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت روکنا ناگزیر ہے،
جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان دیرپا تعاون کی ضرورت ہے۔
غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ انسانی امداد کی فراہمی پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کو درپیش حالات عالمی برادری کے لیے ایک اہم سوال ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خاموشی اختیار کرنے کے بجائے فلسطینیوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
عباس عراقچی نے اجلاس کو بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا 18واں سربراہی اجلاس 4 دسمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔