لاہور: پنجاب حکومت نے مریم کو بتائیں پروگرام کے تحت مستحق افراد کو 10 ہزار روپے مالی امداد کی فراہمی کا طریقہ کار جاری کردیا، درخواست منظور ہونے کے بعد رقم وصول کرنے کیلئے 15 دن کی مہلت مقرر کی گئی ہے۔
پروگرام کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق مالی امداد کیلئے اہل قرار پانے والے درخواست گزاروں کو ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر جاز کیش کی جانب سے تصدیقی پیغام اور پن کوڈ بھیجا جائے گا۔
تصدیقی پیغام موصول ہونے کے بعد مستحق افراد قریبی مجاز جاز کیش سینٹر پہنچ کر اپنی شناخت کی تصدیق کروائیں گے، جس کے بعد انہیں 10 ہزار روپے کی امدادی رقم فراہم کردی جائے گی۔
حکومتی ہدایات کے مطابق درخواست منظور ہونے اور تصدیقی پیغام ملنے کے بعد 15 دن کے اندر رقم وصول کرنا لازمی ہوگا۔ یہ مدت درخواست کی منظوری کیلئے نہیں بلکہ امدادی رقم حاصل کرنے کیلئے مقرر کی گئی ہے۔
رجسٹریشن کے تین طریقے
مریم کو بتائیں پروگرام میں مالی امداد کیلئے شہری ہیلپ لائن 1000 پر کال کرکے، موبائل ایپ کے ذریعے یا پروگرام کے سرکاری ویب پورٹل پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
درخواست جمع کرواتے وقت شناختی کارڈ نمبر اور دیگر ضروری ذاتی معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جس کے بعد متعلقہ حکام درخواست کی جانچ پڑتال کرکے مالی امداد کیلئے اہلیت کا تعین کریں گے۔
کن افراد کو امداد ملے گی؟
اس پروگرام کا بنیادی مقصد پنجاب میں مالی مشکلات سے دوچار مستحق افراد اور خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ تاہم صرف رجسٹریشن کروانے سے امدادی رقم ملنا یقینی نہیں، 10 ہزار روپے صرف ان درخواست گزاروں کو دیے جائیں گے جو مقررہ شرائط پر پورا اتریں گے اور جن کی درخواست منظور ہوگی۔
حکومت کی جانب سے تازہ ادائیگی کی ہدایات میں رجسٹریشن کی کوئی نئی عمومی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔