کراچی: سندھ کے چار اضلاع میں خشک سالی کے شدید خطرے کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کردیا، متاثرہ علاقوں میں پانی کی قلت اور زرعی پیداوار متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں خشک سالی کا شدید خطرہ ہے، جس کے باعث صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے علاوہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کے بعض علاقوں میں بھی خشک سالی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
این ای او سی کے مطابق معمول سے کم بارشیں، طویل خشک موسم، درجہ حرارت میں اضافہ اور مون سون بارشوں کے معمول میں تبدیلی خشک سالی کی بنیادی وجوہات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث پانی کی کمی سے زرعی سرگرمیاں اور فصلوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ غذائی عدم تحفظ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور متاثرہ زرعی و دیہی آبادی کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اتھارٹی نے عوام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں اور ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔