اسلام آباد: راولاکوٹ میں 5 نومبر کو آزاد جموں و کشمیر پولیس کی چوکی پر کالعدم تنظیم کے مسلح شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سندھ رینجرز کا اہلکار نائیک بوستان خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان کے مطابق شہید نائیک بوستان خان کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا اور وہ سندھ رینجرز میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں آزاد جموں و کشمیر پولیس کی درخواست پر امن و امان برقرار رکھنے میں معاونت کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کالعدم تنظیم کے مسلح عناصر کے پُرتشدد عزائم کا عکاس ہے، جو عوامی حقوق کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنا کر خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، نائیک بوستان خان کی شہادت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
آزاد کشمیر پولیس نے نائیک بوستان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بزدلانہ حملے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، ریاست امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
[…] کے مطابق سندھ کے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے تین […]