**لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں طبی سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا خط علاج معالجے کے معاملے پر پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کا اڈیالہ جیل میں قیام کے دوران 8 مرتبہ طبی ماہرین نے باقاعدہ معائنہ کیا، جبکہ جیل کا میڈیکل عملہ روزانہ تین مرتبہ ان کے بنیادی طبی اشاروں کا جائزہ لیتا ہے۔ ان کے مطابق مختلف مواقع پر خصوصی میڈیکل بورڈز بھی طبی معائنے کرچکے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ اگست 2024 میں سر درد اور بے چینی کی شکایت پر ماہر امراض قلب نے عمران خان کا معائنہ کیا اور ادویات تجویز کیں۔
فروری 2026 میں پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے ان کی آنکھوں اور بلڈ پریشر کا جائزہ لیا، جبکہ 10 اگست کو چار رکنی میڈیکل بورڈ نے معائنہ کرکے بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب عمران خان کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہرین نے ان کی طبی جانچ کے بعد فٹنس رپورٹ مرتب کی۔ ستمبر میں پمز اور الشفا آئی ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے جیل میں ان کے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور بینائی کا معائنہ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب عمران خان کو فالو اپ علاج کیلئے پمز ہسپتال لے جایا گیا، جہاں آنکھوں کے ماہرین نے انہیں اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مختلف طبی بورڈز میں ملک کے معروف ڈاکٹرز شامل رہے، جبکہ عمران خان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور فیصل سلطان بھی علاج اور طبی رپورٹس کے جائزے کے عمل سے وابستہ رہے۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو جیل میں دیگر قیدیوں کے مقابلے میں زیادہ طبی اور دیگر سہولیات حاصل ہیں۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنے سیل میں چوہوں، کاکروچ اور سات چھوٹے سانپ نکلنے کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیل حکام نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مون سون کے موسم میں کینچوے نکلنا معمول کی بات ہے اور ممکن ہے انہیں کینچوے سانپ محسوس ہوئے ہوں۔